این اے 47 میں مبینہ دھاندلی کیخلاف اپیل ناقابل سماعت قرار دینے کیلئے درخواست دائر

Published On 10 July,2024 01:01 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک /دنیانیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چودھری نے این اے 47 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپیل کو ناقابل سماعت قرار دینے کے لیے درخواست دائر کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں این اے 47 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف شعیب شاہین کی اپیل پر سماعت ہوئی، طارق فضل چوہدری کے وکیل نے کہا کہ ہم نے شعیب شاہین کی درخواست ناقابل سماعت قرار دینے کے لیے درخواست دائر کی ہے، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 145 نے سوموٹو کی پاور ٹربیونل کو دی ہے۔

وکیل نے کہا کہ ٹربیونل درخواست مسترد بھی کر سکتا ہے، پہلے عدالت نے تحریری جواب طلب کیا، آج ہم جمع کروا رہے ہیں ، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ آپ کی درخواست پر جواب لے لیتے ہیں، پھر اس پر دلائل سن لیں گے۔

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ہم جواب جمع کروا دیں گے، پریزائیڈنگ افسر نے تصویر بنا کر سسٹم پر اپلوڈ کرنی تھی، الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم آر او کے پاس تھا اور پریزائیڈنگ افسران کے پاس نہیں تھا۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسران نے تصویر بھیجی یا نہیں۔

الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر لاء نے کہا کہ ای ایم ایس سسٹم پر ڈیٹا فیڈ کرنے سے فارم 47 خود ہی جنریٹ ہو جاتا ہے۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ کیا واٹس ایپ کے ذریعے فارم بھیجے گئے، لیکشن کمیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر لاء نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسران کی جانب سے فارم خود آر او تک پہنچائے گئے۔

 جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ جب آپ نے فارمز جمع کروائے وہ وقت فارمز پر موجود ہیں، آر او کے وکیل نے کہا کہ نہیں وقت تو فارمز پر نہیں لکھا ہوا، وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن نے ای ایم ایس سسٹم کے ریکارڈ کی سرٹیفائیڈ کاپیاں مانگیں جو نہیں دی گئیں۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے وکیل آر او سے مکالمے میں کہا  کہ آپ تو پارٹی نہیں ہیں ناں!  آپ تو پبلک سرونٹ ہیں جو مانگا جائے آپ دیں، آپ کو کون روک رہا ہے۔

ٹریبونل نے کیس کی سماعت 15 جولائی تک ملتوی کر دی۔