ترنول جلسے کا این او سی منسوخ کرنے پر پی ٹی آئی کا عدالت سے رجوع

Published On 06 July,2024 10:37 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترنول جلسے کا این او سی منسوخ کرنے پر پاکستان تحریک انصاف نے عدالت سے رجوع کر لیا۔

پاکستان تحریک انصاف نے این او سی منسوخ کرنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی، پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ڈی سی اسلام آباد نے چار جولائی کو عدالت کو بتایا کہ این او سی جاری کر دیا گیا ہے، عامر مغل سرکاری حکام کو جلسہ گاہ کے وزٹ پر لے جانے کیلئے ڈی سی آفس گئے، عامر مغل کو پولیس نے ڈی سی آفس سے گرفتار کر لیا۔

دائر درخواست میں کہا گیا کہ اسلام آباد پولیس کے ٹویٹ سے معلوم ہوا کہ جلسے کا این او سی منسوخ کر دیا گیا ہے، بعدازاں ڈی سی اسلام آباد نے کل این او سی منسوخ کرنے کا لیٹر بھیج دیا، عدالتی حکم کے باوجود ترنول جلسے کا این او سی معطل کرنا توہین عدالت ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ جلسہ کرنے کی اجازت دینے کے احکامات جاری اور فریقین کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنے کا حکم دیا جائے، پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات بھی جاری کئے جائیں۔

دریں اثنا بیرسٹر گوہر سمیت پی ٹی آئی قیادت بھی اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچی، جہاں جلسے کا اجازت نامہ منسوخ کرنے کی درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی، اس موقع پر عمر ایوب، عمیر نیازی، شہریار آفریدی، ارکان قومی اسمبلی ثنا اللہ مستی خیل، شاہد خٹک اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کے جلسے کے این او سی کی منسوخی پر پی ٹی آئی نے عدالت جانے کا فیصلہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آج ہونے والے جلسے کا این او سی معطل کیا تھا۔

ترجمان اسلام آباد انتظامیہ نے بتایا کہ سکیورٹی صورتحال اور محرم الحرام کے باعث این او سی معطل کیا گیا ہے، این او سی کی معطلی کا فیصلہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف بھی ڈٹ گئی

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے آج اسلام آباد میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ جلسے کا نوٹیفکیشن معطل کرنا افسوسناک ہے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بتائیں کس کے اشارے پر چل رہے ہیں؟ حکومت کے ٹاؤٹ بنے ہوئے ہیں، کسی بھی صورت جلسہ منسوخ نہیں ہوگا، فارم  47 کی حکومت ڈر کے مارے یہ سب کچھ کر رہی ہے، عدالتی حکم کے بعد جاری کیا گیا این او سی ختم کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ تمام کارکن جلسہ گاہ پہنچیں، پلان کے مطابق کارکن اپنے اپنے علاقوں سے نکلیں، اسلام آباد میں بھرپور اور کامیاب جلسہ ہوگا۔