وفاقی حکومت دہشتگردی کےخلاف جاری جنگ میں سنجیدہ نہیں: بیرسٹر سیف

Published On 11 July,2024 10:45 am

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت دہشتگردی کےخلاف جاری جنگ میں سنجیدہ نہیں۔

خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم ملک میں موجودہ سکیورٹی معاملات پرغیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں، وفاقی حکومت کی حرکتوں سے دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ میں قوم میں عدم اعتماد کا فقدان بڑھ گیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ دہشتگردی کےخلاف جاری جنگ میں قوم اورسکیورٹی فورسزقربانیاں دے رہی ہیں، وفاقی حکومت غیرسنجیدہ بیان بازی سے مقبول ترین سیاسی جماعت پردہشتگردی کے فروغ کا الزام لگارہی ہے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ غیرسنجیدہ بیان بازی سے جعلی سرکار نےملک کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا، جعلی فارم 47 سرکار دہشتگردی جیسے اہم قومی مسئلے پرسیاست کررہی ہے۔

بیرسٹرڈاکٹرسیف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سےعزم استحکام کےحوالےسےغیرسنجیدہ بیان نےکنفیوژن پیداکی، عزم استحکام کےحوالےسے وزیراعظم کے غیرذمہ دارانہ بیان کی وجہ سے عوام نےسکیورٹی اداروں پرتنقید کی۔

مشیر اطلاعات نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نےالزام لگایا کہ فوج نے جن علاقوں کو کلیئر کیا خیبرپختونخواحکومت نے وہاں دوبارہ شدت پسندوں کو آباد کیا۔