توانائی کے بحران کی وجہ سی پیک نہیں، پالیسیوں میں تسلسل نہ ہونا ہے: احسن اقبال

Published On 11 July,2024 11:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ توانائی کے بحران کی وجہ سی پیک نہیں، بحران کی وجہ پالیسیوں میں تسلسل نہ ہونا ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا کامران خان کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2018ء میں تجربہ کرکے پالیسیوں کے تسلسل کو روکا گیا، سی پیک کو سیکنڈ لائز کرنے کی کوشش کی گئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ چین واحد ملک تھا جس نے بجلی کے کارخانے پاکستان میں لگائے، چین نے 8 ہزار میگاواٹ کی پاکستان کو کیپسٹی دی، تحریک انصاف حکومت کی وجہ سے فیصلہ سازی کا عمل ختم ہوگیا تھا، بجلی چوری روکنے والے افسروں کو ڈرایا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بجلی چوری کا مسئلہ پاکستان کا اندرونی مسئلہ ہے، چین کو توانائی منصوبے لگانے پر کوئی خصوصی مراعات نہیں دی گئیں، اُس وقت پاکستان کے سرمایہ کار منصوبہ لگانے کو تیار نہیں تھے، چین اگر توانائی کے منصوبے نہ لگاتا تو آج بھی اندھیروں میں ڈوبے ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم 2018ء کے تجربے کی قیمت ادا کر رہے ہیں، حکومت سخت فیصلے کر رہی ہے، امید ہے مشکلات سے نکلیں گے، ہم نے پہلے بھی پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا تھا۔