لاہور: (دنیا نیوز) ریٹائرڈ ججز کو بطور الیکشن ٹریبونل تعینات کرنے والے الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کے خلاف دائر درخواست پر رجسٹرار آفس لاہور ہائیکورٹ نے اعتراض عائد کر دیا۔
رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض میں کہا گیا ہے کہ درخواست کے ساتھ ایکٹ کی کاپی نہیں لگائی گئی، رجسٹرار آفس نے اعتراض لگا کر درخواست واپس کر دی۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں درخواست شہری منیر احمد کی جانب سے دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایک سیاسی جماعت کو ٹارگٹ کرنے کیلئے ترمیمی ایکٹ منظور کیا گیا، اسی نوعیت کا معاملہ لاہور ہائیکورٹ سمیت دیگر عدالتوں میں زیر سماعت ہے۔
درخواست گزار نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کو غیر قانونی قرار دیا جائے، عدالت پرانے ٹریبونلز کو بحال کرنے کا حکم دے۔