کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس ہوا۔
وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی، میئرکراچی مرتضیٰ وہاب، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری آغا واصف، سیکرٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، سیکرٹری خزانہ فیاض جتوئی شریک ہوئے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نمائش سے ریڈیو پاکستان تک روٹ شروع ہونا چاہئے، گرین لائن اور دیگر بسیں نمائش تک آتی ہیں، کے ایم سی نے گزشتہ دور میں سی این جی بسیں خریدی تھیں، کے ایم سی 28 بسیں دینے کے لئے تیار ہے جنہیں مرمت کے بعد نمائش سے پرانا ریڈیو پاکستان تک چلایا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کے ایم سی کی سی این جی بسیں ٹھیک کرکے محکمہ ٹرانسپورٹ کے حوالے کی جائیں، 28 ایئر کنڈیشن بسوں کو محکمہ ٹرانسپورٹ شہر کے مختلف روٹ پر چلائیں، وزیراعلیٰ سندھ نے سی این جی بسوں کو ٹھیک کروا کر چلانے کا تفصیلی پروپوزل مانگ لیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ شہر میں مزید ایئر کنڈیشن مسافر بسیں چلنی چاہئیں۔