کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں آج بھی بارش کی پیشگوئی

Published On 21 July,2024 10:36 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں آج بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، پنجاب میں بارشوں کا چوتھا سپیل کل سے شروع ہوگا۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق شہر قائد میں مطلع جزوی ابر آلود ہے، شہر میں آج بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے، آج درجہ حرارت 38 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ گرمی کی شدت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے، شہر میں شمال مغربی سمت سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔

اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران ملک میں مزید بارش ہوگی، پیر سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہوکر بارش بر سائیں گی۔

آج سے 27 جولائی کے د وران کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش ہوگی، اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پیر سے جمعرات تک بادل برسیں گے جبکہ بلوچستان اور سندھ کے بعض علاقو ں میں منگل اور بدھ کو بارش متوقع ہے۔