لاہور میں صبح سویرے بوندا باندی، گرمی کا راج برقرار

Published On 21 July,2024 10:47 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی کے باوجود گرمی کا راج برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں آج دن بھر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔

اعدادو شمار کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ لاہور میں ہوا کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد تک جا پہنچا ہے، شہر میں آج بارش برسنے کے 20 فیصد امکانات ہیں۔

دوسری جانب ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 22 سے 25 جولائی تک پنجاب میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، 23 سے 24 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش برسنے کی توقع ہے۔