اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے دیر میں پاک افغان بارڈر پر دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ایک بیان میں وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے ہمیشہ کی طرح الرٹ رہتے ہوئے بروقت کارروائی کرکے 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔
وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے مزید کہا ہے کہ قوم دفاع وطن، قیام امن اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاک وطن کے بہادر سپوتوں کی عظیم خدمات کو سراہتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سکیورٹی فورسز نے ضلع دیر میں پاک افغان بارڈر سے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان افغان حکومت سے مسلسل کہتا آرہا ہے کہ وہ بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، افغان حکومت سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرے گی، سکیورٹی فورسز سرحدوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔