پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے 25 جولائی کو اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے بنوں امن دھرنے میں شامل جرگے کے ارکان نے ملاقات کی، اس موقع پر چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا پولیس سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران جرگہ کے ارکان نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ملاقات کر کے اپنے مطالبات پیش کیے، جرگے نے آپریشن عزم استحکام کی مخالفت اور مسلح گروپوں کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے، پولیس کو بااختیار بنانے اور رات کو گشت کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
جرگے نے سرچ آپریشن یا دہشتگردوں کیخلاف کارروائی سکیورٹی فورسز کے بجائے سی ٹی ڈی کو کرنے اور لاپتا افراد کو عدالتوں کے سامنے پیش کرنے کے مطالبات بھی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو پیش کیے جنہیں اپیکس کمیٹی کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے 25 جولائی کو اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے، اجلاس میں جرگے کے 5 اراکین بھی شرکت کریں گے، کمیٹی کے سامنے جرگے کے تمام مطالبات رکھے جائیں گے۔
جرگے کے صدر ناصر خان بنگش نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنوں میں دھرنا بدستور جاری رہے گا، جمعہ کے دن وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور بنوں کا دورہ کر کے ایپکس کمیٹی کے فیصلے سے آگاہ کریں گے، فیصلے کے بعد دھرنا ختم کیا جائے گا۔