پشاور:(دنیا نیوز) پشاور کے نواحی علاقے اڑمڑ میں پولیس پر فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا، نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چوکی ارنڈو پر دہشت گردوں نے سنائپر گن سے فائرنگ کی، فائرنگ کی زد میں آکر ایک پولیس اہلکار شہید موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دہشتگرد فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ رات گئے پیش آیا ، حملہ آواروں کی شناخت اور گرفتاری کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تھانہ ارمڑ کی چوکی ارمڈو میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار سعید اللہ کی نماز جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں سی سی پی او پشاور قاسم علی خان سمیت اعلی افسران اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی،ولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور پولیس افسران نے پھول چڑھائے۔
سی سی پی او پشاور قاسم علی خان نے شہید کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے شہید کی بہادری کو سراہا، انہوں نے کہا کہ شہید کا خون راہ گاہ نہیں جانے دیا جائے گا۔
واضح رہے چند روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں بھی دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں پاک فوج کے جوانوں سمیت مقامی افراد کودہشتگردوں نے نشانہ بنایا تھا۔