راولپنڈی: (دنیا نیوز)راولپنڈی اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر بیریئر توڑ کر اندر داخل ہونے والے کار سوار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمے کے مطابق گاڑی میں سوار شخص کو جیل عملے کی جانب سے روکنے کی کوشش کی گئی، ملزم نے جیل عملے پر گاڑی چڑھانے اور اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔
اس حوالے سے قائم کیے گئے مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ ملزم مبشر حسین نے گاڑی کی ٹکر سے چوکی کے گیٹ کو بھی نقصان پہنچایا، ملزم نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچا کر جرم کا ارتکاب کیا۔
مقدمے کے مطابق تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے بیریئر، مرکزی گیٹ اور چوکی گیٹ کو نقصان پہنچا، ملزم مبشر حسین اور زیر استعمال گاڑی قبضے میں لے لی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پیر کی رات ساڑھے 10 بجے کے قریب تیز رفتار گاڑی اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 کو توڑتی ہوئی ڈی آئی جی آفس کے سامنے فائرنگ رینج تک پہنچ گئی تھی، اس دوران ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی عملے میں بھگدڑ مچ گئی تھی۔