اسلام آباد: (دنیانیوز) ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا پروگرام کا جلد آغاز کیا جارہا ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد میں بہت اضافہ ہو رہا ہے ، پوری دنیا میں 60 ملین ہیپاٹائٹس کے کیسز موجود ہیں جن میں سے دس ملین ہیپاٹائٹس کے کیسز پاکستان میں پائے جاتے ہیں ۔
کوآرڈینیٹر برائے ہیلتھ ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا پروگرام کا جلد آغاز کیا جارہا ہے، 68 ارب کا پی سی ون منظور ہو چکا ہے ، ہیپاٹائٹس کے خاتمے کا پروگرام وفاق اور چاروں صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے شروع کیا جارہاہے ۔
ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام بھی علاج کی سہولت سے مستفید ہوں گے، ہیپاٹائٹس سی کے خاتمہ کو یقینی بنانے کیلئے وزیر اعظم نیشنل ٹاسک فورس کی سربراہی کریں گے ۔
ڈاکٹر مختار بھر تھ نے کہا کہ ملک بھر میں 12 سال سے زائد عمر کی آبادی کی سکریننگ ہو گی، سکریننگ میں مثبت پائے جانے والوں کی تصدیق کے لیے ٹیسٹ کیے جائیں گے ، ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ مثبت پائے جانے والوں کا مفت علاج ہو گا ۔
ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت پروگرام پر عمل درآمد کیلیے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بنائے گی ، متعدی اور غیر متعدی امراض کی روک تھام کیلئے ایک مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، صحت کے شعبے میں پڑے پیمانے پر اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے ۔