محکمہ صحت بلوچستان میں بڑے پیمانے پر تبادلے کر دیئے گئے

Published On 20 July,2024 06:42 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی ان ایکشن ہوگئے، وزیراعلیٰ کے حکم پر محکمہ صحت میں بڑے پیمانے پر تبادلے کر دیئے گئے۔

سیکرٹری صحت بلوچستان نے تبادلوں کے احکامات جاری کر دیئے، کوئٹہ سے سینئر مرد اور خواتین ڈاکٹرز کے لورالائی ڈویژن میں تبادلے کئے گئے، کوئٹہ کے ہسپتالوں سے 18 ڈاکٹروں کو لورالائی ٹرانسفر کیا گیا۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جنرل ہسپتال کوئٹہ، پی پی ایچ آئی، بی آئی این یو کیو سے لورالائی تبادلے کئے گئے، کوئٹہ سے تین چیف میڈیکل آفیسرز کے لورالائی تبادلے کئے گئے، کوئٹہ سے چار سینئر میڈیکل آفیسرز کے لورالائی تبادلے کئے گئے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ سے تین ایس ایم اوز، ایک سی ایم او کا ڈی ایچ کیو لورالائی تبادلہ کیا گیا، کوئٹہ کے 2 سی ایم اوز، ایک ایس ایم او کی خدمات ڈی ایچ او لورالائی کے سپرد کر دی گئیں۔

کوئٹہ کے مختلف ہسپتالوں کی گیارہ لیڈی ڈاکٹرز کے لورالائی تبادلے کئے گئے، کوئٹہ سے سات سینئر لیڈی میڈیکل آفیسرز، 4 ایل ایم او کے لورالائی تبادلے کئے گئے، چھ لیڈی ڈاکٹرز کو لیڈی ٹیچنگ ہسپتال لورالائی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

کوئٹہ سے ٹرانسفر شدہ 5 لیڈی ڈاکٹرز کی خدمات ڈی ایچ او لورالائی کے سپرد کردی گئیں، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال دکی کے ایم او ڈاکٹر فرید کو معطل کر دیا گیا۔