وزیر اعلیٰ بلوچستان سے سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی ملاقات

Published On 25 June,2024 10:47 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے ملاقات کی۔

ملاقات کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ و دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے، ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی غزالہ گولہ بھی ملاقات میں شریک تھیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پارٹی رہنماؤں کو صوبے میں مفاد عامہ سے متعلق اقدامات پر آگاہی دی، انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سندھ کی طرز پر بہتری لانا چاہتے ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گمبٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے نصیر آباد میں جگر کی پیوند کاری کا ہسپتال قائم کر رہے ہیں، بجٹ میں تمام علاقوں کو ترقیاتی عمل کا حصہ بنایا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو وفاق میں بلوچستان کا مقدمہ بہتر طور پر لڑ رہے ہیں، وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے منصوبوں کی شمولیت کے لیے اصولی موقف اپنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بلوچستان میں پارلیمانی جماعتوں کو مشاورت میں شامل رکھا جا رہا ہے۔