گندم کی خریداری سےمتعلق بلوچستان کابینہ کا فیصلہ غیر قانونی قرار

Published On 21 June,2024 02:08 pm

کوئٹہ (دنیا نیوز) بلوچستان ہائی کورٹ نےگندم خریداری کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے گندم کی خریداری سےمتعلق بلوچستان کابینہ کا فیصلہ غیر قانونی قرار دے دیا۔

چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کے فیصلے میں 5 ارب کی لاگت سے گندم خریداری کا فیصلہ غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔

 فیصلے کے مطابق عدالت نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) محکمہ خوراک نے بتایا ہے کہ پہلے ہی 8 لاکھ 15 ہزار بوری گندم موجود ہے، گنجائش نہ ہونے پر مزید خریداری سے گندم خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

عدالت کے فیصلے میں لکھا گیا گوداموں میں گندم رکھنےکی صلاحیت نہیں تو مزید 5 لاکھ بوری کیوں خریدی جارہی ہے؟ اوپن مارکیٹ میں قیمتیں کم ہیں تو حکومت کیوں گندم خرید رہی ہے؟۔

واضح رہے کہ 13 جون کو بلوچستان ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے گندم کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں اور کاشتکاروں میں باردانہ کی تقسیم سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔