کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بے بنیاد پراپیگنڈا کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 13 ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اور نوجوانوں کے درمیان دوریاں ختم کرنی ہوں گی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کا ہر شہری امن کا خواہاں ہے، بلوچستان کے مسئلے کو سمجھنے کے لئے تاریخ سے واقفیت ضروری ہے، لوگوں کو حقائق بتانے کی ضرورت ہے، لوگ سمجھتے ہیں کہ بلوچستان میں ریاست اور علیحدگی پسندوں کی جنگ ہے یہ تاثر غلط ہے۔
وزیراعلی بلوچستان نے مزید کہا کہ یہ ہم سب کی لڑائی ہے، ریاست رہے گی تو ہم رہیں گے، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات لانے کی کوشش کررہے ہیں، 70 سالہ بگڑے نظام کو چند مہینوں میں درست کرنا ممکن نہیں، آئندہ دو سالوں میں 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بناکر بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ گریجوایٹ بزنس پلان لائیں گے، بلا سود قرضہ دیں گے، بلوچستان میں بینظیر بھٹو سکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے، بنیادی سطح سے اعلیٰ سطح تک تعلیمی سکالرشپ دیں گے، سائنسز میں پی ایچ ڈی کرنے والے بلوچستان کے ہر طالب علم کو سکالرشپ دیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر کی 200 اعلیٰ ترین جامعات میں تعلیم کے لئے مکمل سکالر شپ دیں گے۔