کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ناراض اراکین اسمبلی کو منانے کی کوشش میں دو مزید پارلیمانی سیکرٹریوں کی منظوری دیدی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں نئے پارلیمانی سیکرٹریز ولی محمد نورزئی اور ہادیہ نواز کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے، ولی محمد نورزئی کو سوشل ویلفیئر اور ہادیہ نواز کو پاپولیشن ویلفیئر کا سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے، بلوچستان اسمبلی کے 11 ارکان کو پہلے ہی پارلیمانی سیکرٹری مقرر کیا گیا تھا۔
دو نئے پارلیمانی سیکرٹریز کی تقرری کے بعد پارلیمانی سیکرٹریز کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی، بلوچستان اسمبلی کے 14 ارکان وزیر اور 2ارکان مشیر کے طور پر کابینہ کا حصہ ہیں، بلوچستان اسمبلی کے 65 نشستوں میں سے دو نشستوں کے نتائج تاحال التوا میں ہیں۔
موجودہ 63 اراکین میں سے وزیراعلیٰ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر سمیت 32اراکین اسمبلی سرکاری عہدوں پر فائز ہیں، مجموعی طور پر موجودہ ارکان اسمبلی کے نصف سے زائد ارکان سرکاری عہدوں پر فائز ہوگئے ہیں، بلوچستان اسمبلی میں حزب اختلاف کے ارکان کی تعداد 14ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی بینچوں پر بییٹھے 49 ارکان میں سے صرف 17 کے پاس سرکاری عہدے نہیں ہیں، وزیر اور مشیر نہ بنانے، اچھی وزراتیں نہ ملنے پر پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کے ارکان کی ایک بڑی تعداد ناراض ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومتی اتحاد میں شامل ناراض ارکان کو منانے کے لئے بڑی تعداد میں پارلیمانی سیکرٹریز بنائے گئے ہیں۔