کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی اسمبلی کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کو محکمہ پلاننگ، محکمہ خزانہ، محکمہ مواصلات و تعمیرات اور سیکرٹری بلوچستان صوبائی اسمبلی نے بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے صوبائی اسمبلی کے ترقیاتی منصوبوں کے التواء پر اظہار تشویش کیا اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ تمام منصوبے آئندہ چھ ماہ میں مکمل کئے جائیں، وزیراعلیٰ نے صوبائی اسمبلی کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے محکموں کی باہمی رابطہ کاری کو مؤثر بنانے کے لئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ غیر ضروری تاخیر سے منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے، حائل رکاوٹیں دور کرکے منصوبوں پر کام تیز کیا جائے۔