کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نوازشریف اور ذوالفقار علی بھٹو نے پریشر فیس کرکے ایٹمی دھماکے کئے تھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یوم تکبیر پر پوری قوم پر مبارک باد دیتا ہوں، بھٹو شہید نے ایٹمی دھماکوں کی بنیاد رکھی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق محکمہ تعلیم میں ہونے والے والے ٹیسٹ اور انٹرویوز کے نتائج کا فوری اعلان کرنے جارہے ہیں، اساتذہ کی بھرتیوں میں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اساتذہ کی تمام بھرتیاں صرف کنٹریکٹ کی بنیاد پر ہوں گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پہلے کارکردگی دیکھیں گے جس کی کارکردگی بہتر ہوگی اس کو پروموٹ کریں گے، بلوچستان میں اب کوئی نوکری نہیں بکے گی، تمام بھرتیاں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوں گی، یہ سلسلہ ختم کرنا ہوگا کہ پیسے دو اور نوکری حاصل کرو۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ 21 یا 22 جون کو بلوچستان کا بجٹ پیش کرنے جارہے ہیں، ہم اپنے پہلے بجٹ کی تیاریوں میں ہیں، کیسکو کی جانب سے بلوچستان میں طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، کیسکو لائن لاسز کا بہانہ کرتی ہے، لائن لاسز پورے ملک کا مسئلہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ لائن لاسز میں بلوچستان کا حصہ 20 فیصد سے بھی کم ہے، کیسکو کا رویہ اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ وفاق کے ساتھ اٹھائیں گے۔