مشکل حالات میں متوازن بجٹ لانے کیلئے کوشاں ہیں: وزیراعلیٰ بلوچستان

Published On 19 June,2024 04:34 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، آفیسرز، قبائلی عمائدین اور عوامی وفود نے ملاقات کی۔

عید کے تیسرے روز بھی وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے دروازے عوام کے لئے کھلے رہے، مختلف طبقہ فکر کے لوگوں کی وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات ہوئی، عید کی مبارکباد دی، وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، حاجی علی مدد جتک، سلیم کھوسہ نے ملاقات کی۔

صوبائی وزیر راحیلہ حمید درانی، بخت کاکڑ، حاجی محمد خان لہڑی و دیگر نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی، میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مشکل حالات میں متوازن بجٹ لانے کے لئے کوشاں ہیں، تعلیم، صحت، ذرائع مواصلات اور زراعت سمیت براہ راست عوامی وابستگی کے شعبوں کو اہمیت دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ سولرائزیشن سے متعلق زیر التواء امور کو نمٹانے اور بجلی چوری کے تدارک کے لئے ٹاسک فورس تشکیل دیں گے، ترقیاتی منصوبے عوامی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں گے، وسائل کا ضیاع نہیں ہونے دیں گے، قابل عمل اجتماعی منصوبے بجٹ کا حصہ ہوں گے۔

میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ نصیرآباد میں جگر کی پیوند کاری کا ہسپتال قائم ہوگا، طبی سہولیات کو بہتر بناکر غریب لوگوں کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔