صوابی : (دنیانیوز) خیبرپختونخوا کے شہر صوابی میں کینسر کے مریضوں میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔
صوابی کے علاقے گدون منگل چائی میں اب تک جان لیوا مرض کے 58 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 38 مرد اور 18 خواتین سمیت دس سالہ بچہ بھی کینسر کے مرض میں مبتلا ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ 60 سال تک عمر کے 29 اور 60سال سے زائد عمر کے 27 افراد کینسر کا شکار ہیں۔
اس حوالے سے سابق ایم ایس باچا خان میڈیکل کمپلیکس ڈاکٹر محمد شیرین کاکہنا ہے کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران جگر، ہڈیوں، خوراک کی نالی ، خون اور بریسٹ کینسر کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ دماغ، پراسٹیٹ،پھیپھڑوں سمیت دیگر کینسر کے امراض بھی پھیل رہے ہیں۔
اہل علاقہ نے صوبائی حکومت اور محکمہ صحت سے فوری ٹیمیں بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ علاقے میں کینسر کے بڑھتے کیسز کی روک تھام کےاقدامات اٹھائے جائیں۔