کوئٹہ: (ثمن اسماعیل) بلوچستان میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا، اعلانیہ و غیر اعلانیہ بجلی بندش سے صوبے بھر میں کاروبار بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان میں ریکارڈ توڑ گرمی اور بجلی کی لوڈشڈنگ نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے ،بجلی کی بندش سے جہاں شہریوں کی روز مرہ زندگی میں مشکلات پیدا ہوئیں وہیں شہر بھر میں کاروبار پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
شہر کے بیچ و بیچ واقع علاقے ہوں یا دور دراز علاقے ہر جگہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے گرمی کے احساس کو مزید بڑھا دیا ، کئی علاقوں میں 6 سے 8 تو کئی میں 13 سے 14 گھنٹے کی لوڈشڈنگ کی جارہی ہے۔
کاروباری حضرات کا کہنا ہے کہ ایک جانب لوڈشڈنگ کے باعث کام سست رفتاری کا شکار ہوا ہے تو دوسری جانب بجلی کے بلز نے معاشی حالت کو مزید خستہ کردیا ہے۔
دوسری جانب متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کی بڑی وجوہات میں سے ایک بجلی کی چوری ہے، استعمال شدہ یونٹس کی ریکوری نہ ہونے کے باعث نہ چاہتے ہوئے بھی لوڈشڈنگ کرنا پڑتی ہے۔