کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے لائن لاسز کی بنیاد پر بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواست پر کے الیکٹرک اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیا۔
جسٹس فیصل کمال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کس طرح ہو رہی ہے؟ ہم یہاں رہتے ہیں سب سمجھتے ہیں، کے الیکٹرک شہر میں جو کچھ کر رہا ہے ہم سب سمجھتے ہیں، شہریوں کی تکلیف کا اندازہ ہے مگر یہ کیس آئینی بنچ میں جانا چاہیے تھا۔
درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ریگولر بنچ پہلے بھی اس نوعیت کے کیسز سن چکی ہے، ڈیکلریشن چاہتے ہیں حکم نہیں، کے الیکٹرک اپنی لوڈشیڈنگ پالیسی کے برعکس 18، 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ کر رہا ہے، نیپرا کو درخواست گزاروں نے شکایت کی تاحال شکایت پر فیصلہ نہیں کیا، ناجائز لوڈشیڈنگ پر نیپرا کو کے الیکٹرک کے خلاف ایکشن لینے کا حکم دیا جائے۔
بعدازاں عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 جولائی کو نیپرا کے ریجنل ہیڈ کو بھی طلب کر لیا اور کیس کی سماعت 25 جولائی تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ لائن لاسز کی بنیاد پر بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواست جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤن چیئرمینز کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔