لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش

Published On 28 July,2024 10:58 am

لاہور: (دنیا نیوز) مون سون کے پانچویں سپیل کی دھواں دھار انٹری، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں تیز اور کہیں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، ڈیوس روڈ، ریلوے سٹیشن، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مزنگ چونگی، قرطبہ چوک، سمن آباد اور گلشن راوی میں بادل برسے۔

علاوہ ازیں چوبرجی، اسلام پورہ، مغل پورہ، گارڈن ٹاؤن، مسلم ٹاؤن، نشتر ٹاؤن اور گلبرگ کے اطراف میں موسلادھار بارش سے حبس ختم ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا، درجہ حرارت میں کمی سے گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:آج سے بدھ تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور کشمیر میں صبح سویرے تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جڑواں شہروں میں صبح سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے۔

پنجاب کے دیگر شہروں گجرات، حافظ آباد، وزیر آباد، شکرگڑھ، شرقپور و دیگر مقامات پر بھی موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، گجرات میں بارش کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے سے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

مزید پڑھیں:گجرات: بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مطابق 29 سے 31 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشیں متوقع ہیں، موسمی صورتحال کے بارے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔