اسلام آباد: (دنیا نیوز) جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل آج سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹارڈ مظہر عالم میاں خیل کی حلف برداری کی تقریب آج سپریم کورٹ میں دن 11 بجے ہوگی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ دونوں ایڈہاک ججز سے حلف لیں گے، وزارت قانون و انصاف نے گزشتہ روز ایڈہاک ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
واضح رہے چند روز قبل صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی منظوری دی تھی جس کے بعد جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل ایک سال کیلئے سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج تعینات ہوئے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 182 کے تحت دی تھی، 20 جولائی کو سپریم جوڈیشل کمیشن نے جسٹس (ر) سردار طارق مسعود اور جسٹس (ر) مظہر عالم کو ایڈہاک جج تعینات کرنے کی سفارش کی تھی۔