بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھانا ہوگا، صدر آصف زرداری

Published On 29 July,2024 08:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دائرہ کار کو مزید بڑھانا ہوگا، پسماندہ طبقات کی فلاح کیلئے پروگرام کے مستفیض افراد کی تعداد بڑھائیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران صدر مملکت نے بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کا گوادر میں دفتر قائم کرنے کی ہدایت کی۔

آصف علی زرداری نے بینکوں کی جانب سے بے نظیر کارڈ ہولڈرز سے 0.45 فیصد سروس چارجز کٹوتی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سروس چارجز ختم کرنے کیلئے سٹیٹ بینک سے رابطہ کیا جائے اور بینکوں سے انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کے اکاؤنٹ کھولنے کا کہا جائے تاکہ ادائیگی کے جدید نظام سے پروگرام کے مستفیض افراد کو استحصال سے بچایا جاسکے گا۔

صدر مملکت نے زیادہ سے زیادہ مستحق طلبہ کو وظائف کی فراہمی کیلئے ڈونرز اور پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت پر زور دیا، اس موقع پر صدر مملکت کو بے نظیر کفالت ، تعلیمی وظائف ، سکالرشپس برائے انڈر گریجویٹ اور نشوونما پروگرام بارے بریفنگ دی گئی۔

چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے صدر مملکت کو بریفنگ دی کہ رواں مالی سال کے دوران انکم سپورٹ پروگرام کیلئے 598.718 ارب روپے مختص کیے گئے، بے نظیر کفالت پروگرام فلیگ شپ پروگرام ہے، کفالت پروگرام کے تحت پاکستان بھر میں اہل خواتین اور خواجہ سراؤں کو غیر مشروط نقد رقم فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بے نظیر کفالت پروگرام کیلئے مالی سال 2024-25 کے دوران 93 لاکھ اہل خاندانوں کے لیے 461 ارب روپے مختص کیے گئے، سکولوں میں داخلے بڑھانے، کم آمدنی والے گھرانوں کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے 77.18 ارب روپے مختص کیے گئے۔

روبینہ خالد نے بریفنگ دی کہ بے نظیر تعلیمی وظائف پروگرام سے 97 لاکھ بچے مستفید ہو سکیں گے، سکالرشپس برائے انڈر گریجویٹ پروگرام کے تحت 10 ہزار طلبہ کو وظائف کی فراہمی کیلئے 1.7 ارب روپے مختص کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ غذائیت کی کمی اور نشوونما کے مسائل سے نمٹنے کیلئے 20 لاکھ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور ان کے شیر خوار بچوں کو خصوصی خوراک بھی فراہم کی جا رہی ہے، 2022ء میں سیلاب کے دوران، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے پاکستان بھر میں سیلاب سے متاثرہ 27 لاکھ خاندانوں میں 70 ارب روپے تقسیم کیے۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے معاشرے کے مستحق اور پسماندہ طبقے کو مالی ریلیف فراہم کرنے پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سراہا۔