لاہور: (دنیا نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا بانی پی ٹی آئی کے بیان پر ردعمل سامنے آگیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مسٹر ہٹلر پارٹ ٹو مریم نواز پر فاشسٹ ہونے کا الزامات لگاتے آپکو شرم آنی چاہئے، مریم نواز کو والد کے سامنے آپ نے گرفتار کروایا تھا، سیاسی مخالفین پر آرٹیکل 9 کے مقدمات بنانے کی فرمائشیں کروانے والے اور جیلوں میں کیمرے لگا کر تکالیف دینے والا فاشسٹ لیڈر فتنہ خان تھا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز نے بشریٰ بی بی یا آپ کی بہنوں کو گرفتار نہیں کروایا، آپ ویل چیئر سے خود ڈر کے بھاگے اور اٹھے، مریم نواز نے آپ کو نہیں اٹھایا، فاشسٹ اور ذاتی عداوت کے مارے حکمران آپ تھے جس نے بطور وزیراعظم سو سے زیادہ لیگی رہنماؤں کو سیاسی مقدمات میں گرفتار کروایا۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر گرفتاریوں کے باوجود ایک بھی لیگی رہنما نے میاں نوازشریف اور مسلم لیگ ن کا ساتھ نہیں چھوڑا، تحریک انصاف کے انقلابیوں نے ایک ایک رات جیل میں گزارنے کے بعد اگلے دن لائنیں لگا کے پریس کانفرنسیں کیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اپنی جرم تراشیوں، ناکام بغاوت اور پاکستان مخالف سازشوں کا ملبہ مریم نواز پر مت ڈالو، جس فوج کے سپہ سالار کو میر جعفر کہتے ہو، نیوٹرل کو جانور کہتے ہو، اس سے مذاکرات کا کہتے شرم نہیں آتی، پہلے فوجی تنصیبات پر حملے کرتے ہو، شہداء کے مجسمے جلاتے ہو، پھر معصومیت کا ڈرامہ بھی کرتے ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نو مئی کی ناکام بغاوت کا حساب بھی دینا ہوگا اور سزا بھی بھگتنی پڑے گی۔