قصور: (دنیا نیوز) قصور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک خطرناک ملزم ہلاک، بہاولنگر میں پولیس نے کارروائی کر کے چور گینگ گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے قتل کے ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر قصور کے علاقے گہلن روڈ پر چھاپہ مارا تو ملزموں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ 2 ساتھی فرار ہو گئے۔
پولیس نے ہلاک ملزم کی لاش قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی، مرنے والا ملزم دوران واردات معصوم شہری کے قتل میں ملوث تھا، اس کے علاوہ سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں بھی مطلوب تھا، پولیس نے فرار ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی۔
ادھر بہاولنگر کے علاقے تھانہ سٹی بی ڈویژن کی حدود میں پولیس نے کارروائی کر کے تین رکنی چور گینگ کو سرغنہ سمیت حراست میں لے لیا، ملزموں کے قبضے سے 35 لاکھ روپے مالیت کی 20 موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں، ملزمان کو تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔