لاہور: ہوٹل میں سلنڈر پھٹنے سے زور دار دھماکا، 7 افراد شدید زخمی

Published On 31 July,2024 03:47 am

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں واقع ہوٹل میں سلنڈر پھٹنے سے 7 افراد بری طرح جھلس کر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سلنڈر پھٹنے کا افسوسناک حادثہ لاہور کے علاقے تھانہ موچی گیٹ کی حدود میں پیش آیا جہاں ہوٹل میں سلنڈر اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، حادثے کے نتیجے میں وہاں موجود 7 افراد بری طرح جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔

حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کیلئے میو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں کئی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، پولیس نے بھی جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد تفتیش شروع کر دی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سلنڈر دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت 36 سالہ زوہیب، 18 سالہ مزمل دانش، 30 سالہ شاہد، 33 سالہ بلال، 17 سالہ کاشف، 21 سالہ فیصل، محمد فیض اور 21 سالہ اسامہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔