اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شبلی فراز نے کہاکہ ملک میں اندھیر نگری اور چوپٹ راج ہے۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شبلی فراز نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پر شرمناک مقدمات بنائے گئے، پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے، مسلم لیگ ن نے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔
شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کمیشن آلہ کار بنا ہوا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کو بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے، ملک کو مذاق نہ بنائیں، یہ دو سیاسی جماعتیں استعمال ہورہی ہیں، ان دو سیاسی جماعتوں نے اپنے آپ کو بچانے کے لئے ملکی سالمیت کو داؤ پر لگا دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ممبران قومی اسمبلی کی وفاداریاں تبدیل کروانے کی کوشش کی جارہی ہیں، اگر یہ سب کرنا ہے تو پارلیمنٹ کو بند کرکے مارشل لاء لگا دیں۔