اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی سینٹرل سیکرٹریٹ فوری کھولنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے پی ٹی آئی کو بلڈنگ میں آگ سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات کی بھی ہدایت کردی، سی ڈی اے کا پی ٹی آئی آفس سیل کرنے کا حکم کالعدم قرار دے دیا، جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ جاری کردیا۔
پی ٹی آئی، سی ڈی اے حکام سے 10 قسم کے انتظامات کرنے پر متفق ہوئی، عدالت نے ایک ہفتے میں پی ٹی آئی کو آگ سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات کی ہدایت کردی، پی ٹی آئی نے سی ڈی اے سے اتفاق کیا کہ وہ آگ بجھانے کے آلہ جات ہر فلور پر نصب کریں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ پی ٹی آئی چھت پر فائر پمپ، الگ سے پانی کا ٹینک، مینول الارم سسٹم لگائے گی، بلڈنگ کے کچن کی حفاظت کے لئے گیس ڈیٹیکٹر، ایمرجنسی نمبر آویزاں کریں گے، بلڈنگ میں بجلی کی باقاعدہ وائرنگ کرائیں گے۔