کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشوں نے تباہی مچادی

Published On 05 August,2024 08:51 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی ،شہر قائد میں طوفانی بارشوں کے باعث بیشتر علاقے زیرآب آگئے، سڑکیں ندی نالوں کامنظر پیش کرنے لگیں۔

اعداد وشمار کے مطابق کراچی میں سب سےزیادہ بارش ناظم آباد میں 46.5 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی جبکہ ملیرہالٹ میں 29.8،قائد آباد میں27جبکہ پی اے ایف بیس میں 23.0 ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی ہے ، شہر قائد میں 2مکانوں کی چھتیں گرنےسے 2افراد جاں بحق اور9زخمی ہوگئے۔

ادھر جامشورو، خیر پور ناتھن شاہ اور اوستہ محمد میں بھی بادل کھل کر برسے،ٹھل میں مکان کی چھت زمین بوس ہو گئی جس کے نتیجے میں خاتون اور بچہ جان کی بازی ہار گئے ، بارشوں سے کندیاں کے قریب دریائے سندھ میں طغیانی آ گئی ہے،چشمہ بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب بتایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب دادو میں مسلسل بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، کاچھو کے سیکڑوں دیہات کا دادو اور جوہی شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، سیہون میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جیکب آباد میں میران پور کے قریب بیگاری کینال میں 100 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا جس کی زد میں آکر 8 سے زائد دیہات پانی کی ڈوب گئے۔

علاوہ ازیں ٹنڈو آدم کے قریب روہڑی کینال میں شگاف پڑنے سے عالم ڈیرو، سوئی کندر سمیت متعدد دیہات میں پانی داخل ہو گیا اور دیہات سے نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے شہر لیاقت پور میں نہر ون ایل میں 40 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔

میانوالی میں برساتی نالوں میں شدید طغیانی دیکھنے کو مل رہی ہے جس سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے،روجھان میں کوہ سلیمان سے نکلنے والے زنگی اور سوری نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی ریلے قریبی بستیوں میں داخل ہونا شروع ہو گئے جس سے 100 سے زائد مکانات پانی میں ڈوب گئے جبکہ علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں۔