اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ کی قیادت میں اراکین قومی اسمبلی کے وفد نے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اور انسانی حقوق کے کوآرڈی نیٹر کے دفتر کا دورہ کیا۔
وفد میں وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ، ممبران قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چودھری، مولانا عبدالغفور حیدری، سید امین الحق، انجم عقیل خان، خالد حسین مگسی، رانا قاسم نون، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، شازیہ مری شامل تھے۔
وفد میں شامل دیگر اراکین نے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اور انسانی حقوق کے کوآرڈی نیٹر کو فلسطین پر قومی اسمبلی سے منظور ہونے والی متفقہ قرارداد پیش کی، قومی اسمبلی نے 2 اگست کو اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر متفقہ قرارداد منظور کی تھی۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ کے قتل سے خطے کے عوام کے غم و غصے میں اضافہ ہوا ہے، اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر مظالم بڑھ گئے ہیں، اب تک فلسطین میں 40 ہزار سے زیادہ بے گناہ بشمول خواتین اور بچے شہید ہو چکے ہیں۔
قرارداد میں غزہ میں فوری جنگ بندی اور مظلوم فلسطینیوں کو بلا روک ٹوک مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، قرارداد میں قابض اسرائیلی افواج کے فوری انخلا کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کی قرارداد میں فلسطینیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے، پارلیمانی وفد میں قومی اسمبلی کے دیگر اراکین بھی شامل تھے۔