کراچی: (رطابہ عروس) شہر قائد میں بدستور بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ صبح سویرے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے علاقوں ڈیفنس، کلفٹن، بوٹ بیسن اور اطراف میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، سائٹ ایریا، میٹروول، نارتھ کراچی، بفرزون میں بھی ہلکی بارش ہوئی تاہم شہر میں آج کہیں بوندا باندی کہیں اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر کا آج کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، شہر میں جنوب مغربی سمت سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج دادو، لاڑکانہ، سکھر اور قمبر شہداد کوٹ میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ میں 11 اگست سے بارشوں کا نیا سپیل بھی آنے کی امید ہے۔