صدر اور وزیراعظم کا میجر طفیل محمد شہید کو 66 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت

Published On 08 August,2024 10:44 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت اور وزیر اعظم نے میجر طفیل محمد شہید کو 66 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم مادر وطن کے دفاع کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت کو سلام پیش کرتی ہے، میجر طفیل محمد شہید نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے جرات اور بہادری کی مثال رقم کی، پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے، پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

صدر مملکت آصف زرداری نے میجر طفیل محمد شہید کیلئے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی میجر طفیل محمد نشانِ حیدر کے 66 ویں یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نشانِ حیدر نے جرآت و بہادری کی عظیم مثال قائم کرتے ہوئے وطن کی حفاظت کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا، انہوں نے اپنے زخموں کی پراہ کئے بغیر اپنے مشن کو پورا کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میجر طفیل محمد شہید نشانِ حیدر کی فرض شناسی، ہمت و بہادری اور وطن کی حفاظت کے عہد کی پاسداری نوجوان نسل کیلئے ایک مثال ہے، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور انکے اہلِ خانہ پر فخر ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے جوانوں و افسران کی اس ملک کی حفاظت کیلئے قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔