اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کنفیوژن کا شکار ہیں ، ہر جگہ سے مزے لے رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ جب بلاول بھٹو کو حکومت کی ناکامی نظر آرہی ہے تو بوکھلا گئے ہیں، آج کے دن بجلی 2 روپے 64 پیسے بلاول کی اتحادی حکومت نے مہنگی کی ہے۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمنٹ کے باہر بھوک ہڑتال کیمپ معطل کر دیا، انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت ہے تمام اراکین اپنے حلقوں میں جشن آزادی کی تیاری کریں۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ تمام اراکین اسمبلی کو ٹاسک سونپ دیئے گئے ہیں، علامتی بھوک ہڑتال کیمپ کا دوسرا مرحلہ کچھ وقت بعد دوبارہ شروع کریں گے۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا کہ جب فل کورٹ فیصلے دے تو کس حیثیت سے فیصلے تبدیل کئے جاتے ہیں؟ ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی کوئٹہ میں اور باقی قیادت دیگر شہروں میں سیمینار منعقد کروائے گی، حقیقی آزادی ایونٹس میں سنجیدہ سوچ رکھنے والوں کو بلائیں گے۔