اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی نے تین لیگی امیدواروں کی کامیابی کے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف ریویو دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر، شبلی فراز، رؤف حسن نے پریس کانفرنس کی، بیرسٹرگوہر نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل میں پٹیشنیں پینڈنگ تھیں، یہ فیصلہ انصاف کے تقاضوں کےمنافی ہے، گنتی کی آڑمیں ہماری جیت کو شکست میں تبدیل کیا جارہا ہے۔
بیرسٹرگوہرنے کہا کہ سپریم کورٹ کو چاہئے تھا کہ الیکشن کمیشن کے رول کو دیکھتی، سپریم کورٹ کا (ن) لیگ کے ایم این ایز کی بحالی کا فیصلہ درست نہیں ہے، اس فیصلے پر ہمیں شدید تحفظات ہیں، ایکسٹینشن کی آڑمیں ایسا کرنے والوں کو بنگلادیش سے سبق سیکھنا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشااللہ خلق خدا بولے گی، تحریک انصاف کیخلاف سازشیں کرنے والے سارے ناکام ہوں گے، ہمارا مطالبہ ہے اگلےچیف جسٹس کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، پاکستان تحریک انصاف کے خلاف بہت سازشیں ہوئیں، ایم این اے نے حلف لے لیا، اسے ریورس کرنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ آج کا فیصلہ 8 فروری کا ایک تسلسل ہے، عوام فارم 47 والوں کو مسترد کرچکی ہے، مصنوعی طریقےسے (ن) لیگ کی میجورٹی بنائی گئی، نوٹیفکیشن جاری کرنے میں عیاری کا مظاہرہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 60 کے قریب دوبارہ گنتی کی درخواستیں دی ہیں، اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا، مسلم لیگ(ن) کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر فیصلہ کر دیا گیا، ایسے اقدامات سے تو پارلیمنٹ برائے نام رہ گئی ہے، آئین کی خلاف ورزیاں ایک لمحہ فکریہ ہیں۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ ہم نے تین انٹرا پارٹی الیکشن کروائے اور کہا گیا ٹھیک نہیں ہوئے، الیکشن کمیشن آف پاکستان بری طرح ناکام ہوچکا ہے۔
رؤف حسن نے کہا کہ باربارکہا چیف جسٹس آف پاکستان ہمارے کیسز کو نہ سنیں۔