راولپنڈی: (دنیا نیوز) ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 7 خارجی دہشتگرد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران خوارج کا ٹھکانہ تباہ کرکے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد کر لیا گیا، مارے گئے خارجی دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری رہے گا، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔