اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج وطنِ عزیز کی مٹی کو فتنہ الخوارج سے پاک کرنے کیلئے دن رات سرگرمِ عمل ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع کرم میں خوارج دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، صدر مملکت نے خوارج کے خلاف کامیاب کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔
صدر آصف زرداری نے فتنہ خوارج کے مکمل خاتمے کیلئے کاروائیاں جاری رکھنے کے قومی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم کی جانب سے ضلع کرم میں افواج پاکستان کی دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف کامیاب کاروائی اور فتنہ الخوارج کے سات دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر افواج پاکستان کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے۔
شہباز شریف نے پانچ دہشت گردوں کو پکڑنے پر افسران و جوانوں کو شاباش دی اور کہا کہ افواجِ پاکستان وطنِ عزیز کی مٹی کو فتنہ الخوارج سے پاک کرنے کیلئے دن رات سرگرمِ عمل ہے۔
وزیرِ اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ سالمیت کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر فرائض کی انجام دہی میں مصروفِ عمل پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی عفریت سے وطنِ عزیز کی مٹی کو پاک کرنے کے عزم میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔