اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور خراج عقیدت کے عالمی دن پر کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر سے نمٹنے کے لئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے، ہم اپنے شہداء اور زندہ بچ جانے والوں کی یادوں کا احترام کرتے ہیں، اپنے بہادر سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، آج کے دن مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم لوگوں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جموں کشمیر کے لوگ بھارتی قابض افواج کی طرف سے کئی دہائیوں سے جاری ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ تین دہائیوں سے جموں ، کشمیر میں بھارتی دہشت گردی سے ہزاروں کشمیری جاں بحق ہو چکے ہیں، تمام پاکستانی ہمیشہ جموں کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے متاثرین کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔