کراچی : (دنیانیوز) سندھ کے سرکاری کالجوں میں انٹر سال اول کے داخلوں کا معاملہ، کالجوں میں جاری کردہ “کٹ آف مارکس” کو کم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اس حوالے سے ڈی جی کالجز ڈاکٹر نوید رب کاکہنا ہے کہ مختلف کالجوں میں کٹ آف مارکس 20 سے 50 نمبر تک کم کیے گئے ہیں، نئی فہرست 23اگست تک جاری کی جائے گی، کچھ کالجوں میں داخلہ نشستیں بھی بڑھا دی ہیں۔
ڈی جی کالجز نے کہا کہ شکایات زیادہ ہونے کی وجہ سے 6 مختلف کالجوں میں کلیم سینٹرقائم کردیے ہیں، ڈی جے کالج، گورنمنٹ کالج برائے طلبا ناظم آباد، گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج گلستان جوہر، گورنمنٹ گرلز کالج شاہراہ لیاقت، سرسید کالج اور خورشید گرلز کالج میں کلیم سینٹر قائم کیے گئے ہیں ۔
ڈاکٹر نوید رب نے مزید کہا کہ ایک لاکھ 69 ہزار 890 طلبہ نے پورٹل کے ذریعے داخلے کے لیے اپلائی کیا ، ایک لاکھ 67 ہزار 309 طلبہ کو داخلے دیے گئے ہیں، کراچی کے کالجوں کے لیے ایک لاکھ 147 طلبہ نے داخلوں کی درخواست دی، جن میں سے 98 ہزار سے زائد طلبہ کو داخلہ دیا گیا۔
ڈی جی کالجز کاکہنا تھا کہ پری میڈیکل میں 21 ہزار 225، پری انجینئرنگ میں بھی 21 ہزار 225، کمپیوٹر سائنس میں 18 ہزار 756، کامرس میں 27 ہزار 438، ہیومینیٹیز میں 7 ہزار 658 اور ہوم اکنامکس میں 496 داخلے دیے گئے ہیں۔