چیک اَپ کے بعد عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کا بیان منظر عام پر آگیا

Published On 24 August,2024 11:21 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) اڈیالہ جیل میں چیک اَپ کے بعد بانی تحریک انصاف عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کا بیان منظر عام پر آگیا۔

ڈاکٹر عاصم یوسف نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان تندرست اور متحرک ہیں، جیل میں ان کی صحت کافی اچھی ہے، بانی پی ٹی آئی کو کھانے پینے کی کوئی تکلیف نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پیٹ کا بھی کسی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے، ان کی دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر بھی روٹین کے مطابق ہے، بانی پی ٹی آئی کا جیل میں مورال کافی بلند ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ، میڈیکل ٹیم واپس روانہ

ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا کہ عمران خان جیل میں رہنے کے عادی ہو چکے ہیں، وہ جیل میں ایکسر سائز کرنے کے ساتھ ساتھ خوب کتابیں پڑھ رہے ہیں۔

عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کا کہنا تھا کہ مجھے یا ڈاکٹر فیصل سلطان کو ہر دو ہفتے بعد بانی پی ٹی آئی کے چیک اَپ کی اجازت ملنی چاہئے، عمران خان کے فالو اَپ چیک اَپس بہت ضروری ہیں۔