لاہور: (دنیا نیوز) ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جس نے ملک کے ساتھ غداری کی اس کا انجام بڑا بھیانک ہوتا ہے۔
داتا دربار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کلمے کی بنیاد پر بنا ہے، ماضی میں ملک دو لخت ہوا، ہم نے آدھا حصہ گنوا دیا، جنہوں نے ملک کو دولخت کیا ان کا حال بہت برا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خدمت کرکے نوکری کررہا ہوں، میں کبھی عہدوں کے پیچھے نہیں بھاگا، اللہ کا فضل ہے پہلے بھی وزیر خزانہ رہا،اس بار مجھے کئی ذمہ داریاں ملی ہیں، ڈپلومیٹک طور پر کہتے تھے پاکستان تنہائی کا شکار ہوگیا ہے، ہم نے نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بنایا تھا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہماری پچھلی حکومت کے بعد اگلے 4سال میں پاکستان 47ویں معیشت بن گیا، کہا جاتا تھا پاکستان کو بھنور سے نکلنے میں 15سال لگیں گے، نواز شریف کی حکومت میں اللہ کے فضل سے پاکستان کو مشکلات سے نکلنے میں صرف ساڑھے 3سال لگے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ 2013 میں گھنٹوں لوڈشیڈنگ اور دھماکے ہوتے تھے، اگلے ساڑھے تین سالوں میں لوڈشیڈنگ ،دہشتگردی کا خاتمہ ہوا اور پاکستان 24 ویں معیشت پر پہنچا، کوئی دو آرا نہیں کہ پاکستان نے گزشتہ چار سال میں معاشی طور پر نقصان اٹھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں شہبازشریف دن رات تمام محاذوں پر محنت کررہے ہیں، شہباز شریف کی قیادت میں معیشت دوبارہ بحال ہوگی،ہم لوگوں کیلئے کام کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اقدام لائق تحسین ہے انہوں نے 2 ماہ کیلئے عوام کو بجلی بلوں میں 46 ارب روپے کا ریلیف د یا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ میں نے 1993 میں پہلا ایم این اے کا الیکشن لڑا، ہم نے فیصلہ کیا حکومت کا آغاز دربار شریف کے منصوبے سے ہوگا، سب سے پہلے داتا دربار میں جی ٹی روڈ سے انٹری والا منصوبہ بنایا، پہلے لاہور ویٹرنری ہسپتال کے ساتھ محفل سما ع ہوا کرتی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اللہ کے کام ہوتے ہیں وہ جس سے بھی کام لے، اللہ کی ہم پر یکطرفہ مہربانی ہے، ہم تو گنہگار ہیں۔