اسلام آباد :(دنیا نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی حکومت کے دفاتر آئندہ ماہ تک پیپرلیس بنانے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی حکومت کے دفاتر کو پیپر لیس بنانے کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور متعلقہ اداروں کو ٹاسک سونپ دیا۔
محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وفاقی سرکاری دفاتر میں ای آفس کے نفاذ میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں، ایک ماہ کے اندر تمام دفتری فائلز پر کام ای آفس کے ذریعے یقینی بنایا جائے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ ماہ سے کوئی بھی فائل ای آفس کے علاوہ نہیں دیکھوں گا، نظام میں شفافیت اور تیزی لانے کیلئے ای آفس کا نفاذ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک، اسے یقینی بنایا جائے ، تمام سرکاری دفاتر میں افسران ای آفس کے ذریعے فائلز بھیجیں۔
محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم آفس کے سٹاف نے گزشتہ ہفتے ای آفس کی ٹریننگ مکمل کر لی گئی،گزشتہ ہفتے بذاتِ خود ای آفس پر فائلز موصول کیں، ای آفس پاکستان میں ڈیجیٹائیزیشن کے فروغ اور گورننس کی بہتری کیلئے نہایت کلیدی اقدام ہے۔