اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ہماری ترجیح عوام کے مسائل حل کرنا ہے، عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر وقت بات کرنے کو تیار ہیں، ان کا موقف یہ ہے کہ صرف اسٹیبلشمنٹ سے بات کریں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا مہر بخاری کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا ہے کہ کسی قانون پر بحث تب ہو گی جب بل کابینہ کے سامنے پیش ہوگا، جب تک کوئی مسودہ کابینہ میں پیش نہیں ہوتا قیاس آرائی نہیں کرنی چاہئے۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر نے کہا کہ نئے چیف جسٹس کی تعیناتی آئین کے مطابق ہوگی، 25 اکتوبر کا دن آئے گا تو حکومت آئین کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کر دے گی، جب وقت آئے گا اس کے مطابق فیصلہ ہوگا۔
خرم دستگیر نے کہا کہ اپوزیشن کا سارا فوکس اقتدار کا حصول ہے، ہم نےآئین اور جمہوریت کو ساتھ لے کرچلنا ہے، بلوچستان میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا سب کو اس پر بات کرنی چاہئے، خالی غبارے میں ہوا پھیلائی گئی ہے۔