اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چودھری سالک حسین نے بغداد ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وفاقی وزیر برائے مذ ہبی امور چودھری سالک حسین نے عراق میں بغداد ایئرپورٹ پر پاکستانی زائرین کے پاسپورٹ گم ہونے کے معاملے کا نوٹس لے لیا، عراق میں پاکستانی سفیر ذیشان احمد سے ٹیلیفون پر رابط کیا۔
پاکستانی سفیر نے بتایا کہ عراق میں پاکستانی مشن ساری صورت حال کو دیکھ رہا ہے، انہوں نے بتایا کہ امیگریشن وزارت خارجہ عراقی ایئرویز سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
ذیشان احمد نے مزید بتایا کہ بغداد ایئر پورٹ پر پاکستانی زائرین کے پاسپورٹ گم ہونے والی خبریں غلط ہیں، تمام صورت حال ٹورازم کمپنیوں کی بدانتظامی کی وجہ سے پیدا ہوئی، تمام زائرین بغداد ایئرپورٹ پر موجود ہیں جنہیں کھانا سمیت تمام سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ 600 زائرین میں سے 350 آج رات کراچی پہنچ جائیں گے اور پھر یہی جہاز واپس آ کر باقی زائرین کو بھی کل صبح کراچی لے جائے گا۔
وزیر مذ ہبی امور چودھری سالک حسین نے کہا کہ بغداد ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جائے اور زائرین کی بنیادی ضروریات کا خیال رکھا جائے، ان کا کہنا ہے کہ زائرین پریشان نہ ہوں حکومت اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔