انسانی بالوں سے پینٹنگز بنانے والا منفرد آرٹسٹ

Published On 15 May,2024 06:21 pm

بغداد:(ویب ڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد میں حجام کا کام کرنے والے حسین فالح وہ ایک منفرد آرٹسٹ بھی ہیں جو اپنی پینٹنگز میں انسانی بال استعمال کرتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان منفردآرٹسٹ حسین فالح کا کہنا تھا کہ وہ گاہکوں کے بالوں کی کٹنگ کے بعد ان کے بال ضائع نہیں ہونے دیتے اور ان بالوں کی مدد سے نئے سے نیا شاہکار بنانے کیلئے محنت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابتدا میں میرے ذہن میں بالوں کے ساتھ پینٹنگ کا آئیڈیا آیا تو مجھے یہ کام خاصا مشکل لگا، لیکن پھر میں نے ان بالوں کے بارے میں سوچنا شروع کردیا جو گاہکوں کی کٹنگ کے بعد میری دکان پر جمع ہوتے تھے اور میں نے سوچنا شروع کردیا کہ کن کن بالوں سے کون کون ساشاہکار تخلیق کرسکتا ہوں ۔

حسین فالح کا کہنا تھا کہ کوئی بھی تصویر بناتے ہوئے میں سایے والے حصے میں بالوں کا استعمال کرتا ہوں،یہ کام آسان تو نہیں ہے ،مجھے اسے سیکھنے کیلئے برسوں لگے ہیں، آج یہ صورتحال ہے کہ لوگ میرا منفرد کام دیکھ کر کہتے ہیں کہ اگر آپ کو بالوں کی مزید ضرورت ہے تو ہم آپ کیلئے بال لے آئیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ لوگ تو یہاں تک کہتے ہیں کہ ہم اپنے بال آپ کو دیں تو ہمارا کوئی نقصان نہیں ہے کیونکہ ہمارے بال خوبصورت پینٹنگ میں استعمال ہورہے ہیں جو ہمارے لیے بھی باعث فخر ہے۔

حسین فالح کا مزید کہنا ہے کہ لوگ میرے کام کو اتنا پسند کرتے ہیں اور مجھے تاکید بھی کرتے ہیں کہ آپ اس منفرد کام کو تاحیات جاری رکھیں۔