کراچی :(دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان اسنیٰ کیلئے دسواں اور آخری ٹراپیکل سائیکلون الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان اسنیٰ کمزور ہوگیا، طوفان ڈیپ ڈپریشن کی صورت میں عمان کے ساحلی جزیرے ماثرہ سے 320 کلومیٹر شمال مشرق پر موجود ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں نے بتایا کہ طوفان اسنیٰ گوادر کے جنوب سے 370 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، رات دیر گئے یا کل صبح تک طوفان مزید کمزور ہوکر ڈپریشن بن سکتا ہے، ڈیپ ڈپریشن جنوب مغرب کی جانب کی بڑھنے کا امکان ہے، آج رات یا کل صبح تک ڈیپ ڈپریشن جنوب مغرب کی طرف بڑھتا ہوا ڈپریشن میں تبدیل ہوجائے گا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر میں شدید طغیانی رہ سکتی ہے، کل تک بلوچستان کے ماہی گیر گہرے سمندر میں نہ جائیں، دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کل سے مرطوب ہوائیں خلیج بنگال سے ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہوں گی۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا مزید کہنا تھا کل سے ایک مغربی لہر کے ملک کے مغربی حصوں پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے اور سندھ بھر میں سسٹم کے تحت 3 اور 4 ستمبر کو گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔