اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ٹروپیکل سائیکلون "اسنا" کے پیش نظر سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سائیکلون بھارتی گجرات اور بدین کے ملحقہ علاقوں کے درمیان ایک گہرے ڈپریشن کی صورت میں موجود ہے، اس سسٹم کے بحیرہ عرب کے مغربی اور جنوب مغربی حصے کیطرف بڑھنے کا امکان ہے، یہ سسٹم آج رات مزید شدت اختیار کر کے سائیکونک سٹروم سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ سمندری طوفان کا نام "اسنا" رکھا جائے گا، اسنا کے باعث اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کراچی، تھر پارکر، بدین، ٹھٹھہ اور حیدرآباد میں شدید بارشوں کا خدشہ ہے، مٹیاری، عمرکوٹ، میر پور خاص، سانگھڑ، جام شورو، دادو اور شہید بینظیر آباد میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں ضلع حب، لسبیلہ، آواران، کیچ اور گوادر میں یکم ستمبر تک بارشوں کا امکان ہے، سمندر میں 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی اور جھکڑ چل سکتے ہیں، سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سیلاب اور طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے، ماہی گیر 31 اگست تا یکم ستمبر کے دوران سمندر میں نہ جائیں، عوام سمندر کے کنارے اور ساحلی علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔
اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ طوفان کے خدشے کے پیش نظر بل بورڈز، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور کمزور عمارتی ڈھانچوں سے محتاط رہیں اورتمام متعلقہ محکمے چوکس رہیں۔